ہومبریکنگ نیوزبنگلادیش؛ پرتشدد مظاہروں میں ہلاکتوں پر آج قومی یومِ سوگ منایا گیا

بنگلادیش؛ پرتشدد مظاہروں میں ہلاکتوں پر آج قومی یومِ سوگ منایا گیا

ڈھاکا(سب نیوز )بنگلا دیش کی حکومت کی اپیل پر آج ملک بھر میں یومِ سوگ منایا گیا تاہم طلبا تنظیموں نے اسے اپنے ہلاک ہونے والے ساتھیوں کی توہین قرار دیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں سپریم کورٹ کے کوٹا سسٹم سے متعلق فیصلے سے ملک گیر پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ رکنے کے بعد وزیرعظم حسینہ واجد نے اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی۔

حکومت کی جانب سے ایک ہفتے سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے مظاہروں میں توڑ پھوڑ اور ہلاکتوں پر آج یوم سوگ منایا گیا۔ تعزیتی جلسے منعقد کیے گئے اور جگہ جگہ بینرز آویزاں کیے گئے۔ حسینہ واجد حکومت کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر خصوصی لال رنگ کی ڈی پیز لگائی اور مظاہروں میں قتل و غارت گیری کی مذمت کی۔

دوسری جانب مظاہرہ کرنے والی طلبا تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اعلان کا مقصد پولیس کی جانب سے طلبا کی ہلاکتوں سے توجہ ہٹانا ہے۔خیال رہے کہ اس بے امنی کے دوران پولیس نے 10 ہزار سے زائد طلبا کو حراست میں لیا تھا جب کہ 200 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں مظاہرین، عام آدمی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔