اسلام آباد(ارمان یوسف)پاکستان ریلوے کا سکریپ چوری روکنے کیلئے گوگل سے تعاون لینے کا فیصلہ ،سکریپ یارڈز کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹل کیا جائے گا ،سکریپ کی چوری روکنے کیلئے مصنوعی ذہانت کے ذریعے یارڈز اور سکریپ گوداموں کی نگرانی کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے اعظم سواتی نے سکریپ کی چوری روکنے کیلئے گوگل سے معاہدے کی منظوری دیدی ہے ۔گوگل پاکستان ریلوے کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے مفت سروسز فراہم کرنے کیلئے تیار ہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کے مختلف گوداموں اور یارڈز میں ایک اندازے کے مطابق 100ارب سے زائد کا سکریپ موجود ہے جس میں سے ہر سال اربوں روپے کا سکریپ چوری ہوجاتا ہے ۔سکریپ کی چوری روکنے کیلئے سیٹلائٹ کے ذریعے گوداموں اور یارڈز کی رئیل ٹائم تصاویر لی جائیں گی ۔علاوہ ازیں سکریپ کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کے ساتھ ساتھ کیمروں کے ذریعے نگرانی کا میکنزم بھی تیار کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے اور گوگل کے درمیان معاہدے کیلئے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں اور آئندہ ماہ کے شروع میں دونوں اداروں میں اس حوالے سے باقاعدہ معاہدہ طے پانے کا امکان ہے ۔
پاکستان ریلوے کا سکریپ چوری روکنے کیلئے گوگل سے تعاون لینے کا فیصلہ، ،سکریپ یارڈز کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹل کیا جائے گا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
