ہومپاکستانپشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر عثمان خان کاکڑ انتقال کرگئے

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر عثمان خان کاکڑ انتقال کرگئے

کراچی،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر عثمان کاکڑ انتقال کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق پشتونخواہ میپ کے سینیٹر عثمان کاکڑ کراچی میں انتقال کرگئے، عثمان کاکڑ تین روز قبل سرپرچوٹ لگنے سے شدیدزخمی ہوئے تھے جہاں آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ترجمان پی کے میپ نے بھی عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں ان کے دماغ کی شریان پھٹ گئی تھی اور وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔سابق سینیٹرعثمان کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تھا، عثمان خان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اور صوبائی صدر تھے۔واضح رہے کہ تین روز قبل عثمان کاکڑ کو بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر عثمان کاکڑ بلوچستان کے عوام کے وکیل تھے،عثمان کاکڑ نے پارلیمان میں بلوچستان کے عوام کی نمائندگی کی ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق سینیٹرعثمان کاکڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غمزدہ اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھی عثمان کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔