ہومدنیااسرائیلی حملے جاری ،24گھنٹوں میں مزید 32فلسطینی شہید ، 41زخمی

اسرائیلی حملے جاری ،24گھنٹوں میں مزید 32فلسطینی شہید ، 41زخمی

غزہ (آئی پی ایس )اسرائیلی فورسز کے غزہ ، خان یونس اور رفح پر حملے جاری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 32 فلسطینی شہید اور 41 زخمی کردیے گئے،خان یونس میں مسجد کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔

الزیتون پر حملے میں 2 بچوں سمیت 3 فلسطینی شہید ہوگئے،غزہ میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 34 ہزار 683 ہو گئی،حملوں میں 78 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔مغربی کنارے پر بھی اسرائیلی حملے تیز ہو گئے،طولکرم میں محاصرے اور حملے کے دوران 5 فلسطینی شہید کر دیے گئے،مغربے کنارے میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 500 کے قریب پہنچ گئی ہے۔غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر قاہرہ میں مذاکرات جاری ہیں،حماس نے مکمل جنگ بندی معاہدے کے لیے لازمی قرار دے دی۔

دوسری طرف فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ انہیں رفح پر اسرائیلی حملے رکوانے کیلئے امریکا کی ضمانت درکار ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے سینئر ترجمان اسامہ حمدان نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے کسی معاہدے پر رضامند ہونے کے لیے ان کی تنظیم کو امریکا کی طرف سے اس بات کی ضمانت درکار ہے کہ اسرائیلی افواج رفح پر زمینی حملہ نہیں کریں گی۔اسامہ حمدان نے کہا کہ ہم ابھی بھی مکمل جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیل کے مکمل انخلا کے مسائل پر بات کررہے ہیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہمارے خلاف بیان دے رہے ہیں۔حماس ترجمان نے کہا کہ بدقسمتی سے، نیتن یاہو نے اپنے بیان میں واضح طور پر کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے باوجود بھی رفح میں حملے جاری رکھیں گے جس کا مطلب ہے کہ کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی اسی صورت میں ہوگی کہ جب رفح سمیت غزہ میں کہیں بھی مزید اسرائیلی حملے نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں اور جنگی جرائم کے نتیجے میں 35 ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں جس میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔