اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں، پولیس کو چاہیے کہ وہ طاقتور کیخلاف سختی کرے جبکہ کمزور طبقے کے لیے رحم ہونا چاہیے،اگر میں بھی قانون کو توڑتا ہوں تو میرے خلاف بھی ایکشن لیں۔
اسلام آباد میں پولیس کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں، فلاحی ریاست کا تصور قانون کی حکمرانی کے بغیر ادھورا ہے۔ معاشرے میں انصاف اور قانون کے فقدان سے ہم دنیا سے پیچھے رہ گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی عملداری میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے، ہم ہر ممکن تعاون کرینگے۔ ملک میں امن ہوگا تو بیرون ملک سے سرمایہ کاری آئے گی۔ پولیس کا کام قانون کی عملداری یقینی بنانا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس امن وامان قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مدینہ کی ریاست میں طاقت نہیں قانون کی حکمرانی تھی۔ انسانی معاشرہ تب ہوتا ہے جب قانون کی حکمرانی ہو۔ قانون کی حکمرانی تب ہوتی ہے جب سب قانون کے نیچے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔ اگر میں بھی قانون کو توڑتا ہوں تو میرے خلاف بھی ایکشن لیں، اگر آپ میرے خلاف ایکشن نہیں لیں گے تو میں لوں گا۔انہوں نے تلقین کی کہ پولیس کا کام چھوٹے، چھوٹے غریب لوگوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالنا نہیں، جس ملک میں پولیس اپنا صیح کام کرے وہاں خوشحالی آتی ہے۔
