ریو ڈی جنیرو، برازیل کی ریاست ریو گراندے دو نورتے میں پولیس نے ایک نوجوان چور کو اس کی اٹھارویں سالگرہ والے دن گرفتار کیا اور اسے شرمندہ کرنے کیلئے تھانے میں اس کی 18ویں سالگرہ زبردستی منائی۔یہی نہیں بلکہ سالگرہ کی اس جبری تقریب میں چور کی والدہ کو بھی بلایا گیا اور اس دوران پولیس والے اس لڑکے پر جملے بھی کستے رہے۔
ریو گراندے دو نورتے میں مقامی پولیس نے گاڑیوں کے ٹیپ ریکارڈرز اور دوسرا چھوٹا موٹا سامان چرانے والے نوجوان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جس دن گرفتار کیا تو معلوم ہوا کہ وہی دن اس کی 18ویں سالگرہ بھی ہے۔چور کو گرفتار کرکے تھانے لے جایا گیا جہاں اس کی والدہ کو بھی بلوا لیا گیا۔ اس کے بعد تھانے میں ہی اس نوجوان چور کی 18ویں سالگرہ منائی گئی۔اس سے زبردستی کیک کٹوایا گیا اور اسے کولڈ ڈرنک بھی پلائی گئی۔ اس دوران پولیس والے ہیپی برتھ ڈے ٹو یو گانے کے ساتھ ساتھ نوجوان پر جملے بھی کستے رہے اور اسے شرمندہ کرتے رہے۔کیک کا ایک ٹکڑا اس نوجوان کو اور دوسرا اس کی والدہ کو زبردستی کھلایا گیا۔یہی نہیں بلکہ جبری سالگرہ کی یہ تقریب فلمائی بھی گئی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی گئی جو وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں نوجوان کے چہرے پر شرمندگی اور بے بسی کے آثار دیکھے جاسکتے ہیں لیکن پھر بھی وہ پولیس والوں کے حکم کی تعمیل کرنے پر مجبور ہے۔سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور دنیا بھر سے لوگوں نے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
