ہومبریکنگ نیوزپاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی،سرمایہ کاروں کا اعتماد منفی سطح پر

پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی،سرمایہ کاروں کا اعتماد منفی سطح پر

کراچی(آئی پی ایس )عالمی سیاسی کشیدگی، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ، مشرق وسطی کی صورتحال اور ملکی معاشی دبا کے باعث پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ او آئی سی سی آئی کے بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی منفی سطح پر آگیا ہے اور اس میں مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں زیادہ گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ستمبر اور اکتوبر 2026 میں ملک بھر میں کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد گزشتہ سروے کے مثبت 13 فیصد سے کم ہوکر منفی 23 فیصد ہوگیا۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اس سے بھی زیادہ کمی ہوئی، جہاں او آئی سی سی آئی کے ارکان کا بزنس کانفیڈنس 55 فیصد پوائنٹس کم ہوکر مثبت 28 فیصد سے منفی 27 فیصد ہوگیا، جو مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کے زیادہ منفی ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔

سروے کے نتائج پاکستان کے کاروباری ماحول کی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ یہ ملک کے بڑے اور چھوٹے شہروں میں مینوفیکچرنگ، خدمات اور ریٹیل کے شعبوں سے وابستہ کاروباری اداروں کی آرا پر مبنی ہیں، جو مجموعی طور پر پاکستان کی جی ڈی پی کا تقریبا 80فیصد حصہ رکھتے ہیں۔

کاروباری اعتماد میں کمی کی اہم وجوہات میں توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، مہنگائی، کاروباری اخراجات میں اضافہ، سیکیورٹی خدشات، عالمی سیاسی کشیدگی اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال شامل ہیں۔اگرچہ معیشت کے بعض اہم اشاریوں میں بہتری آئی ہے، تاہم سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتاہے کہ یہ بہتری کاروباری ماحول اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری لانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔سروے کے مطابق ریٹیل اور ہول سیل شعبے میں کاروباری اعتماد سب سے زیادہ 45فیصد پوائنٹس کم ہوکر مثبت 20 فیصد سے منفی 25 فیصد ہوگیا۔

اسی طرح مینوفیکچرنگ شعبے میں اعتماد 34فیصد پوائنٹس کی کمی سے منفی 25فیصد جبکہ خدمات کے شعبے میں 31فیصد پوائنٹس کم ہوکر منفی 17فیصد پر آگیا۔ اس طرح تینوں شعبوں میں کاروباری اعتماد منفی ہوگیا ہے۔سروے کے مطابق سرمایہ کاری اور روزگار سے متعلق کاروباری توقعات میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ سرمایہ کاری سے متعلق اعتماد مثبت 2 فیصد سے کم ہوکر منفی 14فیصد جبکہ روزگار سے متعلق توقعات 23 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد منفی 6فیصد پر آگئی ہیں۔ اسی طرح کاروبار میں توسیع کی توقعات بھی 27فیصد پوائنٹس کم ہوکر محض 3فیصد کی مثبت سطح پر رہ گئی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔