ہومبریکنگ نیوزجوہری ہتھیار وں کے استعمال کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں، انتونیو گوتریس

جوہری ہتھیار وں کے استعمال کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں، انتونیو گوتریس

نیویارک(آئی پی ایس )اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے کہا ہے کہ جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی میں تباہی کے تقریبا 80 سال بعد بھی جوہری ہتھیار عالمی امن اور سلامتی کے لیے واضح خطرہ ہیں جن کے استعمال کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے تخفیف جوہری اسلحہ اور عدم پھیلا سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران تخفیف اسلحہ کا مطالبہ کرتے ہوئے جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں پر زور دیا کہ وہ 6 شعبوں میں کارروائی کے لیے رہنمائی کریں جس میں بات چیت اور جوابدہی شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خبر دار کیا کہ جوہری ہتھیار اب تک ایجاد کیے گئے سب سے تباہ کن ہتھیار ہیں، جو زمین پر موجود تمام زندگیوں کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج یہ ہتھیار طاقت، رینج اور اسٹیلتھ میں بڑھ رہے ہیں، ایک حادثاتی لانچ، ایک غلطی، ایک غلط تعین، ایک جلدی بازی سے کیا گیا کام بڑی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان وہ واحد ملک ہے جو جوہری ہتھیاروں سے حملے کی جارحانہ قیمت کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ بہتر طوپر جانتا ہے، سلامتی کونسل کا اجلاس ایسے وقت میں منعقد کیا گیا ہے جب جیو پولیٹیکل تنا اور عدم اعتماد سے جوہری جنگ کا خطرہ انتہا پر پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی ہالی ووڈ فلم اوپن ہائیمر میں خوفناک جوہری تباہی کی تلخ حقیقت کو دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے سامنے لایا گیا جس کے بعد انسانیت کا تسلسل ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپیلوں کے باوجود جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں مذاکرات کی میز پر نہیں آرہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے آلات میں سرمایہ کاری امن کیاقدامات میں سرمایہ کاری کو پیچھے چھوڑ رہی ہے۔ انتونیو گوتریس نے زور دیا کہ تخفیف جوہری اسلحہ ہی خودکشی کے سائے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا واحد راستہ ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔