ہومپاکستانپاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی چلاس میںقائم آلو ٹشو کلچر لیبارٹری کا افتتاح

پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی چلاس میںقائم آلو ٹشو کلچر لیبارٹری کا افتتاح

اسلام آباد ،پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے چلاس میں پہلی مرتبہ آلو ٹشو کلچر لیبارٹری اور سکرین ہائوس کا افتتاح کر دیا،چیئر مین پی اے آر سی ڈاکٹر محمد عظیم خان نے کہا کہ آلو ٹشو کلچر لیبارٹری کے قیام سے آلو کی پیداواری صلاحیت بڑھنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے پاک آلو کے بیج کی پیداوار بڑھے گی۔ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اپنی کولڈ اسٹوریج کی گنجائش کے مطابق ٹشو کلچر تیکنیک کے ذریعے بیماری سے پاک آلو کے بیج کی پیداوار کو بڑھانے میں کامیاب ہوا ہے۔ جس کے بعد گلگت بلتستان اور چلاس میں بھی پہلی مرتبہ آلو ٹشو کلچر لیبارٹری قائم کر کے بیماریوں سے پاک آلو کے بیج کسانوں کو فراہم کرنا ہے تاکہ کسان کم وقت میں زیادہ سے زیادہ آلو کی پیداوار حاصل کر کے خود کفیل ہو سکیں اور معاشی طور پر مستحکم ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلاس میں آلو ٹشو کلچر لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

چلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق جناب جمشید اقبال چیمہ نے محکمہ زراعت کے ماہرین اور پی اے آرسی کے اعلی حکام کے ہمراہ آلو ٹشو کلچر لیبارٹری و سکرین ہائوس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر پی اے آرسی کے اعلی عہدیداران کی جانب سے معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کو آلو، اخروٹ، سبزیوں اور دیگر غذائی پھلوں کی کم وقت میں زیادہ پیداوار دینے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی بتایا گیا کہ پی اے آرسی آلو کا بیج صحت مند اور بیماریوں سے پاک ہے ۔معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ آلو کے کاشت کاروں اور محققین کو صحت مند پودے لگانے والے اسٹاک مہیا کریں۔ٹشو کلچر میں تجارتی آلو کی مختلف اقسام کا ایک جامع ذخیرہ برقرار رکھا جائے ۔ میڈیانمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ کراچی سے لے کر چین کے بارڈر تک پورے ملک کو گرینی فائی کرنا ہماری حکومت کا بنیادی مشن ہے۔ ہمارے ملک میں ساڑھے بائیس کروڑ ایکڑ زمین ہے جس میں پانچ کروڑ ایکڑزمین آباد ہے ، جہاں جہاں پانی میسر ہو گا ان علاقوں کو زرخیز بنائیں گے۔ گلگت بلتستان ایک یونیک علاقہ ہے ہم اس علاقے کے پہاڑوں کو بھی گرینی فائی کریں گے۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے زراعت ، لائیواسٹاک، ماہی پروری اور سبزیوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تا کہ یہاں کے لوگ خود کفیل ہو سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔