اسلام آباد(نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن نے این اے 64 گجرات سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این اے 64 گجرات سے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر او این اے 64 نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی ہے۔
قیصرہ الٰہی کے وکیل عامر سعید نے کہا کہ سالک حسین کو جتوانے کے لیے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی، الیکشن سے دو روز قبل ہمارے لوگوں کو اٹھایا گیا، فارم 45 میں کٹنگ کر کے سالک حسین کے ووٹ بڑھائے گئے، جعلسازی پر آر او کے خلاف کارروائی کی جائے۔
این اے 64 سے دیگر امیدواروں نے بھی فریق بننے کی درخواستیں جمع کروا دیں۔
چودھری سالک حسین کے وکیل نے آر او رپورٹ کی روشنی میں درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے حتمی نتیجہ کے وقت اصل فارم 45 جمع نہیں کروائے۔
این اے 64 گجرات، قیصرہ الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
