ہومپاکستانبھارت میں مزید سات افرادسے6کلو یورینیم برآمد،پاکستان کا تحقیقات کا مطالبہ

بھارت میں مزید سات افرادسے6کلو یورینیم برآمد،پاکستان کا تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد/نیو دلی،بھارت میں کروڑوں روپے مالیت کے 6کلو یورینیم کے ساتھ مزید سات افراد کی گرفتاری نے بھارت میں انتہائی تابکار مادے کی حفاظت کے بارے میں سوالات اٹھادیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے بھارتی ریاست جھار کھنڈ کے شہر Bokaroمیں مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران سات افراد کے قبضے سے چھ کلو یورینیم برآمد کیا۔ پولیس نے کہاہے کہ گرفتارکئے گئے افراد کا تعلق یورنیم کی غیر قانونی خریدو فروخت سے ہے اور وہ یورنیم کا خریدار تلاش کر رہے تھے اور انہوںنے یورینیم کی قیمت 50لاکھ فی کلو مقرر کی تھی ۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں ایک کلو یورینیم کی قیمت تقریبا18کروڑ روپے ہے ۔پولیس گزشتہ ماہ مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی سکواڈکی طرف سے سات کلو یورینیم کے ساتھ گرفتار کئے جانیوالے دو افراد کے ممکنہ رابطوںکے بارے میں بھی تفتیش کر رہی ہے ۔دوسری طرف پاکستان نے بھارت میں دوسری مرتبہ یورینیم کی اسمگلنگ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں کارفرما عزائم کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اس حوالے سے کہا کہ بھارت میں چھ کلوگرام یورینیم کی غیرقانونی فروخت کی کوشش کے ایک اور واقعے کی رپورٹس منظر عام پر آگئی، گزشتہ واقعے میں بھارتی ریاست مہاراشٹر میں سات کلوگرام یورینیم کی فروخت کی کوشش کی گئی۔ترجمان نے کہا کہ بھارت میں ایسے واقعات اور رپورٹس سخت تشویش کا باعث ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1540 اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کا جوہری مواد کی فزیکل پروٹیکشن کنونشن تمام ریاستوں کو جوہری مواد کے غلط ہاتھوں استعمال روکنے کے لئے ریاستوں کو پابند بناتے ہیں۔زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات پر زور دیتا ہے اور جوہری مواد کو غلط سمت جانے سے روکنے اوراس کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس بات کا بھی سراغ لگایا جائے کہ یورینیم کی فروخت کی کوشش اور اس کے پیچھے کارفرما عناصر کے مقاصد کیا تھے، یورینیم فروخت کی کوشش کہیں بین الاقوامی امن و سلامتی اور عالمی عدم پھیلا ئوکے خلاف مقاصد تو نہیں تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔