مردان(آئی پی ایس )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ8فروری کو عوام اپنے ووٹ سے سیاسی مداریوں کا مستقبل ختم کردیں گے۔
مردان میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو حکومت ملی تو ہم انگریز کے دیے گئے نظام، موجودہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ، بیوروکریسی میں اصلاحات متعارف کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے الگ تعلیمی ادارے قائم کریں گے، دو خاندانوں کی پارٹیوں سے خلاصی حاصل کیے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کامیاب ہوکر غیر ترقیاتی اخراجات کا خاتمہ کریں گے، بچت کو یتیموں اور معذوروں کی کفالت پرخرچ ، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم عام کریں گے۔انہوں نے کہا جماعت اسلامی ملک میں مالیاتی اداروں میں سود کا خاتمہ کرکے معیشت کو اسلام کے مروجہ اصولوں پر استوار کرے گی ۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران اشرافیہ ایکسپوز ہوگئی، قوم سابق حکمرانوں کے جعلی دعوں سے تنگ آچکی ہے، ان کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ بھی نہیں، یہ پھر جھوٹے وعدے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی دلیل ہے کہ اگر ان کے نانا اور والدہ وزیراعظم رہے تو یہ کرسی انہیں بھی دی جائے، پیپلز پارٹی نے سندھ پر15برس حکومت کی کارکردگی کچھ نہیں ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نواز شریف چوتھی بار ایوان وزیراعظم میں براجمان ہونا چاہتے ہیں، ن لیگ گزشتہ تین دہائیوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجود حقیقت میں ان کی کارکردگی زیرو ہے۔سراج الحق نے کہا کہ سابق برسراقتدار جماعتوں کی وجہ سے ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، سالانہ پانچ ہزارارب کی کرپشن ہوتی ہے۔
