اسلام آباد (ارمان یوسف )وفاقی دارلحکومت کے مصروف ترین علاقے بری امام کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،روڈ ز پر دو ،دو فٹ تک گہرے کھڈے اور سڑکوں پر کھڑے گندے پانی نے شہریوں کا گزرنا محال کر دیا، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے ٹریفک جام ہونامعمول بن گیا، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے معاملے پر آنکھیں موند لیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر بنے کھڈے کسی وقت بھی جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور متعلقہ ادارے معاملے کا نوٹس لیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقہ بری امام کی سڑکیں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں ،انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کی طرف سے مسلسل خاموشی سے اہل علاقہ کے باسیوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے ،روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے شہریوں کی گاڑیاں موٹرسائیکل بھی خراب ہونے لگے ہیں ،مرکزی روڈ ز پر دو ،دو فٹ تک گہرے کھڈے بن چکے ہیں جبکہ سڑکوں پر کھڑے گندے پانی نے بھی شہریوں کا گزرنا محال کر دیا ہے ، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک جام ہونامعمول بن گیا، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے معاملے پر آنکھیں موند لیں۔علاقہ مکینوں نے معاملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی سالوں سے سٹک کی تعمیر و مرمت نہیں کی گئی، سڑکوں پر بنے کھڈے کسی وقت بھی جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور متعلقہ ادارے معاملے کا نوٹس لیں۔
