ہومتازہ ترینامدادی ٹرکوں کی بڑی تعداد ایندھن، کھانا پکانے کی گیس، خوراک اور ادویات لے کر غزہ پہنچ گئی

امدادی ٹرکوں کی بڑی تعداد ایندھن، کھانا پکانے کی گیس، خوراک اور ادویات لے کر غزہ پہنچ گئی

غزہ (سب نیوز)تقریبا 50دنوں تک اسرائیلی افواج کی مسلسل بمباری کے بعد غزہ میں فلسطینی شہریوں کو سکون کے کچھ دن نصیب ہوئے ہیں، جنگ بندی کے دوران امدادی ٹرکوں کی بڑی تعداد ایندھن، کھانا پکانے کی گیس، خوراک اور ادویات لے کر غزہ میں داخل ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعے سے نافذ العمل ہوئی اسرائیل اور حماس کے درمیان چار روزہ جنگ بندی کے دوران 21 اکتوبر کو ہوئی امدادی قافلوں کی بحالی کے بعد سے خوراک، پانی اور ادویات کی سب سے بڑی ترسیل کی گئی ہے۔جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار اقوام متحدہ 129,000 لیٹر (34,078 گیلن)ایندھن جوکہ جنگ سے پہلے روزانہ کے حجم کا صرف 10 فیصد ہے اور اس کے ساتھ کھانا پکانے والی گیس بھی فراہم کرنے میں کامیاب رہا۔ہفتے کو جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں بہت سے لوگ کھانا پکانے کے لیے گیس سلینڈرز بھرنے کا انتظار کرتے رہے۔

ایک ماہ سے زائد عرصے میں پہلی بار، امداد شمالی غزہ تک بھی پہنچی، جو اسرائیل کی زمینی کارروائی کا مرکز ہے۔اقوام متحدہ کے ایک قافلے نے لڑائی سے بے گھر ہونے والے لوگوں کو پناہ دینے والی دو تنصیبات میں آٹا پہنچایا۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے او سی ایچ اے کے مطابق، جنگ سے پہلے روزانہ 500 ٹرک غزہ میں داخل ہوتے تھے۔دوسری جانب ہلالِ احمر نے غزہ کو امدادی سامان کی سب سے بڑی کھیپ فراہم کی ہے جس میں خوراک، پانی، ادویات اور ہنگامی طبی سامان شامل ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے دوران طبی ٹیموں پر فائرنگ کی۔وزارت صحت کے مطابق الشفا اسپتال کو بغیر ایندھن اور طبی سامان کے فعال نہیں کر سکتے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔