اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری اور قانونی ضابطے مکمل ہونے پر نون لیگ کے رہنما شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے اور متعلقہ ریکارڈ اس ضمن میں اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چوہدری نے بتایا کہ شہبازشریف کانام ای سی ایل میں شامل کردیاگیا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری پرشہبازشریف کانام ای سی ایل میں ڈالاگیا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک اجازت نہ دینے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو علاج کیلئے بیرون جانے کی اجازت دی تھی، عدالتی حکم کے باوجود میاں محمد شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی پر متعلقہ افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
