اسلام آباد،وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول صاحب آپ کی صرف ایک ہی قابلیت سامنے آئی ہے وہ پر چی (وصیت )پرچیئرمین بننا مگر پچھلے 13 سال سے مسلسل صوبائی حکومت ہونے کے باوجود سندھ کے غریبوں کی حالت زار بہتر نہ کرسکے، بلاول صاحب آپ اور آپ کی سندھ حکومت کہاں ہے، زرا بتانا پسند کریں گے کہ کراچی،لاڑکانہ ،سکھر اور حیدر آباد سمیت پورے سندھ کے عوام کو مافیا ، گرانفرشوں کے ہاتھوں کتنے میں فروخت کیا ۔بدھ کو اپنے بیان میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ کے حکمران میٹھی نیند سوتے رہے اور رمضان کے مہینہ میں بھی سندھ کے عوام مہنگائی کی چکی میں پستے رہے ، یہ مشورہ ہے کہ سندھ حکومت بلاول بھٹو اور ان کے خاندان کے پروٹوکول ، خاطر مدارت میں مصروفیت سے فارغ ہو جائے تو سندھ ،حیدر آباد سمیت پورے سندھ کی سبزی ، فروٹ منڈیوں اورعام مارکیٹوں کا رخ کر لیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ سندھ میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں کی نسبت عام مارکیٹ کی قیمتیں 85 فیصد زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق آج بھی سندھ میں زندہ مرغی 385 روپے، مرغی کا گوشت 550 روپے اور سرکاری نرخ 138 روپے ہے، سندھ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 1300 روپے میں بھی بمشکل مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں تازہ دودھ 130 روپے کلو بک رہا ہے حالانکہ سندھ ہائیکورٹ نے تازہ دودھ کی قیمیت فی کلو 94 مقرر کی تھی، سندھ حکومت اس پر بھی عملدرآمد میں ناکام رہی ۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں مٹن فی کلو 1400بک رہا ہے سرکاری نرخ فی کلو 750 روپے ہے،اٹھارہویں ترمیم کے بعد قیمتوں کو کنٹرول کرنا صوبوں کی زمہ دادری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے فلیگ شپ پروگرام احساس کے تحت سب سے زیادہ امدادی،رقوم سندھ میں تقسیم ہوئیں ہیں، ماضی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، بلاول صاحب،آپ کی ناک کے نیچے سب سے ذیادہ خوردبرد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ہوئی، اس پر آپ کی پراسرار خاموشی سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب، آپ کو یاد ہوگا لاڑکانہ کے ترقیاتی پروگرام میں خوردبرد پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے تھے کی ڈائین بھی 7 گھر چھوڑ دیتی ہے،آپ کی سرپرستی میں آپ کے زیر اثر لوگ 14 ارب کی گندم ہڑپ کرگئے اور معاملہ یہ کہہ کر ٹھپ کردیا کہ 14 ارب کی گندم چوہے کھا گئے ہیں۔وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا کہ اومنی گروپ کرپشن اور ایان علی منی لانڈرنگ آپکی خاص پہچان بن گئے ہے،سندھ حکومت کی آشیرباد سے نیب میں پلی بارگین کرنے والے افسران تا حال اعلی عہدوں پر فائز ہیں اور خوب دیہاڑیاں لگائی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ سندھ کے عوام کو کس گناہ کی سزا دی جارہی ہے،اپنے ذاتی مفاد ، کرپشن اور لوٹ مار کو چھوڑ کر سندھ کے غریب آدمی کی غربت کو ختم کرنے پر توجہ دے۔
13سال سے مسلسل صوبائی حکومت ہونے کے باوجود سندھ کے غریبوں کی حالت زار بہتر نہ ہوسکی، فرخ حبیب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
