اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تمام ہم وطنوں کو آزادی کی 76ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بانیان ِ پاکستان اور کارکنان تحریک ِپاکستان کی قربانیوں کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں ۔آزادی کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کیلئے مشکلات، ظلم اور بے پناہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے والے لوگوں کی داستانیں ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں، ہمیں قیام ِپاکستان کیلئے اپنے آبا اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے، قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی، ہندوستان کے مسلمان ایسا وطن چاہتے تھے جہاں وہ آزادی سے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق ترتیب دے سکیں۔
، آج کا دن نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں ہماری جمہوری اور سیاسی جستجو کے منطقی انجام کی علامت ہے، 14 اگست کا دن ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں ملک کی موجودہ ترقی کی سطح ، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کے مواقع پر غور کرنا چاہیے، یہی وقت ہے کہ ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں، ہم وطنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔آئیں ، عہد کریں کہ اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری، عفو و درگزر، سماجی و اقتصادی انصاف، اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے، آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِتسلط جموں و کشمیر میں دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مزید خراب کیاہے۔ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کیلئے غیر متزلزل اور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی کیلئے دل و جان سے کام کریں۔آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ آئیں عزم کریں کہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
