ہومپاکستانافواج پاکستان اور عوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، آرمی چیف

افواج پاکستان اور عوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی (سب نیوز)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 76 ویں جشن آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عظیم رہنماوں کے وژن اور قربانیوں کے باعث پاکستان حاصل ہوا، افواج پاکستان اورعوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔
پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شاندار آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے اپنے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر آزادی پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل افتخار حسن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران 14اگست1947 قیام پاکستان سے متعلق دستاویزی فلم بھی نشرکی گئی جبکہ قائداعظم محمدعلی جناح کی تقریر بھی دکھائی گئی۔آزادی پریڈ کی تقریب کے دوران سرزمین پاکستان اور مادرِ وطن کے شہدا کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب اس حقیقت کا والہانہ اظہار تھی کہ پاکستانی عوام ایک زندہ دل قوم ہیں جو اپنی آزادی کا جشن بھرپور اور پرجوش انداز میں مناتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے کوشاں ہیں، آج کا دن ملکی دفاع کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، قوم کویقین دلاتے ہیں پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن قائدین،اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل آزادی کی تکریم کا دن ہے، آج کا دن پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الاللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زوردیتا ہے، یہ پیغام دوقومی نظریہ کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے، ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہوگی، ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں جغرافیائی، سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش کا سامنا ہے، ہمیں تسلط پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجزکا بھی سامنا ہے، پاکستان کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا مسلسل سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قائداعظم کے قول دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کومٹا نہیں سکتی کے امین ہیں، قوم اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ اور صلاحیت رکھتی ہے، میں اس موقع پراپنی عظیم قوم کوامید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خود مختاری اور سالمیت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔