اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں چینی کی قیمت میں اچانک 30 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد چینی کی قیمت 150 روپے فی کلو ہو گئی ہے، گو عوام کو ریلیف دینے کے لیے قائم یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کا ریٹ 91 روپے ہے تاہم کئی دنوں سے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی غائب ہے اور عوام مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام کی بعض دکانوں پر چینی دستیاب نہیں ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر اور انتظامیہ چھاپے مار رہی ہے اور کہ رہی ہے کہ چینی 130 روپے فی کلو فروخت کریں تاہم ہمیں راجہ بازار سے چینی 140 روپے فی کلو خریدنی پڑ رہی ہے۔
چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 150 سے 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا 50 کلو والا تھیلا 6 ہزار750 روپے کا ہوچکا ہے۔
تھوک مارکیٹ میں چینی 135 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پربھی سستی چینی نایاب ہوچکی ہے، اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 91 روپے کلو میں فروخت ہورہی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاکستان میں تمام چینی بینکوں کے پاس گروی پڑی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے قیمتیں کئی شہروں میں ڈیڑھ سو روپے سے اوپر پہنچ گئی ہیں۔
حکومت نے مارچ میں ڈھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت بھی دی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی کا اسٹاک جنوری 2024 تک کا موجود ہے لیکن پاکستان میں تمام چینی بینکوں کے پاس گروی پڑی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شرح سود بڑھنے کے بعد بینکوں نے شوگر ملز کے لیے بھی شرح سود پچیس سے اٹھائیس فیصد کر دیا ہے، شوگرفیکٹریز ایک سو پچیس سے ایک سو تیس روپے میں چینی فراہم کر رہی ہیں۔
چینی کی فی کلو قیمت میں اچانک بڑا اضافہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
