ہومپاکستانتحریک انصاف مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کی سب سے بڑی جماعت ہے،فواد چوہدری کا یوم تاسیس پر بیان

تحریک انصاف مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کی سب سے بڑی جماعت ہے،فواد چوہدری کا یوم تاسیس پر بیان

اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی بنیادی ذمہ داری سول انتظامیہ کی ہے، فوج کو ایس او پیز پر عمل درآمد میں مدد کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے صحت سے منسلک محکمے اس ضمن میں تمام ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔علاوہ ازیںتحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج سے 25 سال پہلے عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی، یہ وہ وقت تھا جب ملک میں دو سیاسی جماعتوں کا غلبہ تھا اور اس دو جماعتی نظام کے خلاف عمران خان نے جدوجہد کا آغاز کیا، بہت کم لوگوں کو امید تھی کہ وہ ان دونوں سیاسی جماعتوں کو شکست دے پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کی بنیاد تبدیلی کے نعرے پر رکھی اور نئے پاکستان کا وعدہ کیا، نیا پاکستان اور تبدیلی کا وعدہ پاکستان میں ایک ایسی ریاست کی بنیاد رکھنا تھا جس میں قانون طاقتور اور کمزور کے لئے ایک جیسا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے تو پرویز مشرف سے سمجھوتہ کر کے وزیراعظم بن جاتے۔ انہوں نے کہا کہ 2011میں لاہور کا جلسہ تحریک انصاف کے لئے ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، عمران خان پاکستان کی سیاست کا محور اور مرکز بن گئے۔ آج بھی تحریک انصاف مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کی سب سے بڑی جماعت ہے، غریب عوام کو توقع ہے کہ اگر کوئی پاکستان میں انصاف دے سکتا ہے تو وہ وہ صرف تحریک انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خواب ایک جدید اسلامی فلاحی مملکت کا قیام ہے، یہ وہی خواب ہے جو علامہ اقبال نے دیکھا، قائداعظم نے اس کے لئے جدوجہد کی۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آج علامہ اقبال اور قائداعظم کے پاکستان کی طرف بڑھنے کی توقع صرف عمران خان سے ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔