ہومUncategorizedتوشہ خانہ کیس: اپیل پر مناسب آرڈر پاس کروں گا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

توشہ خانہ کیس: اپیل پر مناسب آرڈر پاس کروں گا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کے خلاف اپیل پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو اعتراض دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس کیس میں مناسب آرڈر پاس کروں گا۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ججز پر اعتراضات ہوتے رہتے ہیں لیکن ہم آپ کے پاس انصاف لینے آتے ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ زمانے بدل گئے ہیں قدریں بدل گئی ہیں، آپ تو پرانے قدر کرنے والے ہیں، آپ نے اعتراض کیا، آپ کا حق ہے ، کیا ہر چیز میں اعتراض لیا جا سکتا ہے ؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ اس طرح کے معاملات میں شاید اسٹیکس زیادہ ہوتے ہیں سیاسی معاملات ہوتے ہیں۔

وکیل خواجہ حارث نے کیس آج ہی سننے کی استدعا کی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیس آج نہیں تو کل لگ جائے گا۔

انھوں نے مزید ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ نے آٹھ جولائی کو توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے کا فیصلہ دیا تھا، نو مئی سے متعلقہ مقدمات سمیت دیگر سات ضمانت کے کیسز سے متعلق درخواست پر سماعت بھی اسی عدالت میں ہوئی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل شیر افضل مروت نے استدعا کی کہ 19 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی آئیں گے تو بائیو میٹرک کے لیے لے آؤں گا۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پھر میں کہوں گا سیاسی نوعیت کے کیسز ہیں بائیو میٹرک ختم کردوں تو عام آدمی کا کیا قصور ہے؟ کیس میں مناسب آرڈر پاس کروں گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔