ہم دونوں فریقوں کے ممنون ہیں کہ جنہوں نے علما و مشائخ کی بات رکھی اور مذاکرات کی راہ اختیار کی
اسلام آباد،جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے تکونیہ مسجد میں درس حدیث دیتے ہوئے اور دفتر میں جے یو پی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اتفاق و اتحاد پیدا کرنے کا بہت بڑا ثواب ہے بالخصوص رمضان کے مبارک مہینہ میں یہ اجروثواب مزید بڑھ جاتا ہے ،الحمدللہ علما ومشائخ پر مشتمل نو رکنی کمیٹی نے کوٹ لکھپت جیل میں چھ سات گھنٹے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی سے ملاقات کی پھر حکومت کے اعلی عہدیداروں سے گفتگو کی اور دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر جمع کر کے ملک کو ایک بہت بڑے بحران سے نجات دلائی اور ملک کو ایک بڑی خون ریزی سے بچالیا۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں فریقوں کے ممنون ہیں کہ انہوں نے اکابر علما و مشائخ کی بات رکھتے ہوئے مذاکرات کی راہ اختیار کی اور اس بحران کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کی ہمیں یقین ہے کہ ہماری یہ کاوش قیامت کے دن ہمارے لئے اور دونوں فریقوں میں سے جن جن شخصیات نے ان مذاکرات کو کامیاب کرنے کی سعی کی ان سب کیلئے عظیم اجر وثواب کا باعث بنے گی ۔جے یو پی وفد میں پیر سعید احمد چشتی،صاحبزادہ محمود احمد قادری،قاری نیاز احمد نقشبندی،محمد رضوان شیخ،قاری غلام سرورامینی،چاند صدیقی،عمر فاروق شامل تھے۔
علما مشائخ پر مشتمل 9 رکنی کمیٹی نے دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر جمع کر کے ملک کو بڑے بحران سے نجات دلا دی ،صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
