اسلام آباد(سب نیوز)عدالت عظمیٰ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف دائر کی جانیوالی درخواستوں پر سماعت شروع ہو گئی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بنچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن، منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بنچ کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ عدالت نے وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع، وفاق، چاروں صوبوں اور اٹارنی جنرل سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر رکھا ہے، گزشتہ روز اعتزاز احسن کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل مکمل کئے۔
عدالت نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کو فوری روکنے کیلئے لطیف کھوسہ کی استدعا فی الحال مسترد کر دی ہے۔
عدالت نے گزشتہ روز نو مئی کے واقعات کے بعد گرفتار تمام افراد کا ڈیٹا طلب کر رکھا ہے آج وکیل فیصل صدیقی دلائل دیں گے، سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، بیرسٹر اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
