اسلام آباد(سب نیوز) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے آج وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری اقدامات، منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے نوجوانوں کو جدید تعلیم و تربیت اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنے، ڈیجیٹل معیشت میں ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، روزگار اور کاروبار کے مواقع بڑھانے سمیت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری تعلیمی، ہنرمندی، ڈیجیٹل اور فلاحی پروگراموں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے اور ان کے مؤثر و شفاف نفاذ پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو مزید مؤثر، نتیجہ خیز اور نوجوانوں کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے، جبکہ ترجیحی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
