اسلام آباد(سب نیوز )وفاقی حکومت نے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 19 اور 20 جون کی درمیانی شب پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کی مدت مکمل ہوگئی، کمیٹی 19 جون شب 12 بجے سے ختم ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سمیت تمام ممبران غیر فعال ہوگے، منیجمنٹ کمیٹی کو اب کوی فیصلے کرنے کا اختیار نہیں۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے ذکا اشرف اور مصطفی رمدے کو پی سی بی گورننگ بورڈ کے لیے نامزد کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخابات کے معاملے پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے گورننگ بورڈ کے ممبران کی منظوری دے دی۔گورننگ بورڈ ممبران کی منظوری کے ساتھ ہی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ختم ہوگئی۔ گورننگ بورڈ کے ممبران میں وزیراعظم کے 2 نامزد اراکین میں ذکا اشرف اور مصطفی رمدے شامل ہیں۔
نئے گورننگ بورڈ میں 4 ایسوسی ایشنز لاہور، راولپنڈی، کراچی اور پشاور ریجن کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔ روٹیشن پالیسی کے تحت لاڑکانہ، بہاولپور، ڈیرہ مراد جمالی اور آزاد جموں و کشمیر کی نمائندگی بنتی تھی۔ اس کے برعکس سوئی سدرن، سوئی ناردرن، واپڈا اور کے آر ایل کے نمائندوں کو گورننگ بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔مینجمنٹ کمیٹی ختم ہوتے ہی بورڈ کے معاملات چیف الیکشن کمشنر کے حوالے کر دیے گئے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات تک پی سی بی کے معاملات چیف الیکشن کمشنر چلائیں گے۔
