لاہور (سب نیوز )وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ 9اور 10 مئی کے واقعات میں جس کا جو کردار ہے اسے سزا ملنی چاہیے، ہم کسی سیاسی جماعت، کسی سیاسی لیڈر پر پابندی کے حق میں نہیں، جن سے زیادتی ہوئی اس کا ازالہ کیا جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ مجھے اس سے سروکار ہے کہ وقت مقررہ پر الیکشن ہوں، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کیلیے سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم کرنا ہے تو قوم کو مکمل سچ بتانا ہوگا، اس وقت قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ دہشت گرد اور سیاستدان کی کیا تعریف ہے۔ 9 اور 10 مئی کے واقعات کے تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان پر رحم کرتے ہوئے نواز شریف کو لایا جائے، ہماری کسی سے ڈیل نہیں، ڈیل ہمیشہ عوام سے ہوتی ہے، مسلم لیگ (ن)اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑے گی۔رہنما مسلم لیگ (ن)نے یہ بھی کہا کہ عدلیہ، ارشد شریف شہید کی والدہ کی آواز سنے، قتل قتل ہے، قاتل قاتل ہے، جرم سب کیلیے ایک جیسا ہے، جو جو قصور وار ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔
