اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے 50 روپے مالیت کا یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے جو ملک بھر کے تمام اہم ڈاک خانوں سے خریدا جاسکتا ہے۔ ڈاک ٹکٹ کی رونمائی 8 جون 2023 ء کو پی بی ایس ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں کی گئی۔ تقریب میں پاکستان پوسٹ، نادرا، این ٹی سی، سپارکو کے نمائندوں اور پی بی ایس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ ڈاک ٹکٹ کی رونمائی چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے کی۔
ساتویں خانہ ومردم شماری، 2023 پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے، جو پاکستان میں شماریاتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف ایک مثالی تبدیلی ہے۔ اس مشق کی کامیاب تکمیل کے بعد پاکستان اپنی نوعیت کی ڈیجیٹل مردم شماری کروانے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ٹیبلٹس کے ذریعے ڈیٹا جمع کرنے، سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ مینجمنٹ سسٹم اور تمام ڈھانچوں کی جیو ٹیگنگ سے مردم شماری کے نتائج کی شفافیت اور ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔
چیف شماریات جناب ڈاکٹر نعیم الظفر نے نادرا، این ٹی سی، سپارکو، لوکل گورنمنٹ ،شمار کنندگان اور عوام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عظیم کاوش میں بھر پور طریقے سے شرکت کی۔ پاکستان میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کا نفاذ ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اعداد و شمار جمع کرنے اور تجزیہ میں مستقبل کی پیش رفت کے لئے اسٹیج تیار کرتا ہے۔
چیئرمین / ڈی جی، پی پی او ڈی جناب حافظ شکیل احمدنے 2023 میں کئے جانے والی ڈیجیٹل مردم شماری کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اوریادگاری ڈاک ٹکٹوں کو متعارف کرانے میں پی او ڈی اور پاکستان ادارہ شماریات کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا جو ڈیجیٹل مردم شماری میں منتقلی کی قابل ذکر کامیابی پر فخر اور پہچان کی علامت کے طور پر کام کرتے ہیں۔ یہ ڈیجیٹلائزیشن کے اقدام کی کامیابی کو یقینی بنانے میں شامل تمام افراد کی سخت محنت، لگن اور عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے پاکستان ادارہ شماریات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی اہم شماریاتی تنظیم ہے جو مختلف سطحوں پر شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لئے قابل اعتماد اور بروقت اعداد و شمار فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔
تقریب میں دلکش دستاویزی فلم پیش کی گئی جس میں مردم شماری کے دوران کی جانے والی مختلف سرگرمیوں اور کوششوں کو دکھایا گیا تھا۔ جسکو سامعین نے بہت سراہا۔ اس دستاویزی فلم میں ساتویں خانہ ومردم شماری کے انعقاد میں جدید ڈیجیٹل طریقوں کے ذریعے ہونے والی قابل ذکر پیش رفت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے حاصل کی جانے والی کارکردگی، درستگی اور شمولیت پر زور دیا، جو اعداد و شمار جمع کرنے اور تجزیہ پر اس کے مثبت اثرات کو ظاہر کرتا ہے
پاکستان پوسٹ آفس (پی پی او ڈی) نے ساتویں خانہ و مردم شماری کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کے اعتراف کے طور پر جاری کردہ ڈاک ٹکٹ کی واک ان خریداری کے لئے سامعین کے لئے سٹال کا اہتمام کیا۔یہ ڈاک ٹکٹ و مختلف مقاصد جیسے خطوط یا پارسل بھیجنے اور جمع کرنے کی غرض سے استعمال کئے جاتے ہیں ۔یہ نہ صرف مردم شماری کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے بلکہ لوگوں کو پاکستان کی ترقی اور منصوبہ بندی میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی اہمیت کو یاد رکھنے اور اس کو سراہنے کے لئے ایک یادگار کے طور پر بھی کام کرے گا۔
اس یادگار موقع پر چیف شماریات نے معزز مہمانوں کو سٹیمپ ، فرسٹ ڈے کور اور لیف لیٹ پر مشتمل ڈاک ٹکٹ البم پیش کیا جو ساتویں خانہ و مردم شماری کے لئے یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی اہمیت کی علامت ہے۔
ساتویں خانہ ومردم شماری کے لئے یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی تقریبِ رونمائی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
