اسلام آباد()گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ معاشی ترقی سیاسی استحکام سے جڑی ہے،ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے،گزشتہ سالوں میں سیاسی عدم استحکام نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا،بزنس کمیونٹی کے بغیر کوئی معاشی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکتی،پاکستان ہم سب کیلئے ریڈ لائن ہے،کوئی بھی ملک سے اوپر نہیں،9مئی کو پیش آنے والے واقعات نفرت،تشدد او ر بدتمیزی کے سوا کچھ نہیں،پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
،تقریب سے چیئر مین فاؤنڈر گروپ،خالد اقبال ملک،سابق چیئر مین خالد جاوید، جنرل (ر)عبد القیوم،ثمینہ فاضل،صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ و دیگر نے 9مئی کے پر تشدد واقعات کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کوئی رعایت نہ کی جائے۔تقریب میں صوبائی وزیر خیبر پختونخواہ منظور آفریدی،سنیٹر ہدایت اللہ، سمیت اسلام آبا د کی بزنس کمیونٹی اورمختلف سیکٹرز کی تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے کہا کہ ہم سب کو معلوم ہے پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں مگر اب یہ معاملہ زیادہ دیر چلے گا نہیں،
چیزیں استحکام کی طرف جا رہی ہیں،گزشتہ چند سالوں میں جو کچھ اس ملک کے ساتھ کیا گیا اب وہ سب ختم ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ میں حکومتی ایوانوں میں بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہوں،تمام مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز اٹھا رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کو میں اپنا گھر سمجھتا ہوں،وفاقی دار الحکومت کا چیمبر ہونے کے ناطے آئی سی سی آئی کا بزنس کمیونٹی میں منفرد مقام ہے،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام ایک درینہ مطالبہ ہے،چیمبر جگہ کا انتخاب کرے میں حکومت سے منظوری دلانے میں بھرپور تعاون کروں گا،انہوں نے کہا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کیلئے چیئر مین سینٹ سے بات کی ہے،ہماری کوشش ہے کہ ہر چیمبر سے ایک بندہ کمیٹی کا حصہ ہو،تا کہ تاجر اور حکومت ایک چھت کے نیچے بیٹھ کر مسائل پر بات کر سکیں
،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ گورنر کے پی کے نے شرافت کی سیاست کے ذریعے اپنا نام بنایا ہے،بزنس کمیونٹی کے مسائل انہوں نے ہر سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ مشکل معاشی صورتحال کو حل کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی کا تعاون ناگزیر ہے،حکومت ہماری بات سنے اور تجاویز کو سنجیدگی سے پالیسی سازی کا حصہ بنائے،انہوں نے کہا کہ گورنر کے پی کے کو ملک میں سیاسی استحکام کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں،پاکستان کی ترقی اور سیاسی استحکام لازم و ملزوم ہیں،انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ایک جگہ بیٹھنے کو ترقی کیلئے طویل المدتی پالیسی سازی کی ضرورت ہے،صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ 9مئی کو پیش آنے والے واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں،پورے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
،اسلام آباد چیمبر اس سلسلے میں آج شہداء سے یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد کرے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر فاد وحید نے کہا کہ حکومت کو بزنس کمیونٹی کو واضح روڈ میپ دینے کی ضرورت ہے،ہمیں پتا ہونا چاہیے کہ آئندہ 10سال کی معاشی پالیسی کیا ہوگی،ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے نیک نیتی سے کام کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ امید ہے انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کے حوالے سے گورنر کے پی کے مکمل تعاون کریں گے،تاجروں کے مسائل حل ہوں گے تو ہی ملک ترقی کرے گا،تقریب سے چیئر مین فاؤنڈر پینل خالد اقبال ملک،سابق صدر اسلام آباد چیمبر خالد جاوید،سنیٹر جنرل (ر)عبد القیوم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
