ہومکھیلپاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے مانٹ ایورسٹ سر کرنے کے 48 گھنٹوں میں ہی دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی سر کر لی۔
نائلہ کیانی کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق انہوں نے لہوٹسے چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
چین اور نیپال کے درمیان کوہ ہمالیہ میں واقع لہوٹسے چوٹی مانٹ ایورسٹ، کے ٹو اور کنگ چنجنگا کے بعد چوتھی بلند ترین چوٹی ہے۔
نائلہ کیانی نے منگل کی صبح 8 بج کر 13 منٹ پر 8 ہزار 516 میٹر بلند لہوٹسے چوٹی سر کی جبکہ دو دن قبل اتوار کی صبح انہوں نے ماونٹ ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔
لہوٹسے سر کرنے کے بعد نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند چھ چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں جنہوں نے صرف دو سال کے عرصے میں اس مشن کو ممکن بنایا۔
ان میں کے ٹو اور ماونٹ ایورسٹ کے علاوہ گیشر برم ون، گیشر برم ٹو، اناپورنا اور لہوٹسے شامل ہیں۔
نائلہ کیانی نے گزشتہ ماہ اپریل میں پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے ہمراہ نیپال میں واقع آٹھ ہزار 91 میٹر بلند چوٹی انا پورنا کو سر کیا تھا۔

دنیا کی بلند ترین چوٹیاں کے ٹو اور مانٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز ثمینہ بیگ نے سال 2013 اور 2022 میں اپنے نام کیا تھا۔
ثمینہ بیگ سات جزیروں میں واقع سات بلند چوٹیاں بھی سر کر چکی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔