ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد مفاہمتی یادداشت عالمی امن کے لیے اہم پیشرفت ہے، اردوان کی پاکستان کے کردار کی تعریف

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت عالمی امن کے لیے اہم پیشرفت ہے، اردوان کی پاکستان کے کردار کی تعریف

انقرہ(آئی پی ایس )ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) عالمی امن کے لیے انتہائی اہم پیشرفت ہے اور ترکیہ اس پر دستخط کا خیرمقدم کرتا ہے۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی دونوں ممالک کی یہ یکجہتی برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔ترکیہ کے صدر نے کہاکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں اور ترکیہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک امن اور خوشحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔صدر اردوان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے مختلف پہلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔صدر اردوان نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے جارحیت کر رہا ہے، تاہم ترکیہ اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں پیش آنے والے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔