اسلام آباد ،وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما چوہدری فواد حسین نے ڈسکہ ضمنی انتخاب میں شکست پر کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنی ہوں گی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں مسلم لیگ (ن)نہیں جیتی بلکہ پی ٹی آئی ہاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس انتخابی شکست کی وجوہات ہیں جن کی جانب میں پارٹی کے اندر توجہ دلاتا رہا ہوں۔ڈسکہ ضمنی الیکشن میں شکست پر ردِ عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کا کوئی نظریہ نہیں ہے نہ ہی مسلم لیگ (ن)کوئی نظریاتی جماعت ہے، طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے کی وجہ سے مفاداتی ٹولہ بن جاتا ہے، ان حواریوں کو نظریاتی نہیں کہا جا سکتا۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں، ان کے مقابلے میں کوئی سیاسی قد کاٹھ کا لیڈر نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلاول اور مریم کو پاکستان کا لیڈر تسلیم کرنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ رسید کرنا ہو گا، پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی اس ملک کا مستقبل پی ٹی آئی اور عمران خان کی کامیابی سے وابستہ ہے۔
