ہومبریکنگ نیوزپی ٹی آئی رہنماوں پر درج 10 مقدمات کی جے آئی ٹی نے تیسری بار عمران خان کو طلب کرلیا

پی ٹی آئی رہنماوں پر درج 10 مقدمات کی جے آئی ٹی نے تیسری بار عمران خان کو طلب کرلیا

لاہور: پی ٹی آئی رہنماوں پر درج 10 مقدمات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی نے تیسری بار عمران خان اور دیگر رہنماوں کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی پر ہونے والے مقدمات کی تفتیش کے معاملے میں جے آئی ٹی نے تیسری بار کل عمران خان اور دیگر رہنماوں کو طلب کرلیا۔
گزشتہ روز عمران خان کے وکلا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور کہا تھا کہ عمران خان کی زندگی کا خطرہ ہے اس لیے ہمارا بیان ریکارڈ کر لیا جائے، عمران خان سکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوسکتے۔
جے آئی ٹی نے عمران خان کے بیان ریکارڈ نہیں کیے۔ جے آئی ٹی نے عمران خان کو خود پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروانے کا کہا۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
دیگر رہنماوں کو بھی تیسری دفعہ جے آئی ٹی نے کل ایک بجے طلب کیا ہے ان میں فواد چودھری حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، فرخ حبیب، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، مسرت جمیشد چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر شامل ہیں۔
کل پیش نہ ہونے پر جے آئی ٹی عدالت سے رہنماوں کی آئندہ پیشی پر ضمانتیں خارج کروانے کی استدعا کرے گی۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی پولیس پر پتھرا، تشدد اور توڑ پھوڑ کے 10 مقدمات کی تفتیش کر رہی ہے۔ تاحال صرف اسد عمر نے ہی جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے۔ اسد عمر کے سوا کوئی اور رہنما جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوا۔ مقدمات تھانہ ریس کورس، سول لائنز اور شادمان میں درج ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔