اسلام آباد(سب نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میںکار سرکار میں مداخلت ، جلاؤ گھیراؤ اور پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے شاہ محمود قریشی کی تھانہ کھنہ میں درج دو مقدمات میں عبوری ضمانت دس اپریل تک منظور کرلی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے سماعت کی۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے ۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ ایف آئی آرز میں کیا الزام لگایا گیا ہے ؟ جس پر علی بخاری نے بتایا کہ الزام لگایا گیا یے کہ شاہ محمود قریشی کی ایماء اور سازش پر احتجاج ہوا ۔
فاضل جج نے استفسارکیا کہ اس سازش کا گواہ کون ہے ؟دیکھ لیتے ہیں کس نے سازش کی اور کس نے حکم دیا، فی الحال تو عبوری ضمانت دے رہے ہیں ۔
وکیل نے استدعا کی کہ کوئی لمبی تاریخ دے دیں کیسز کافی ہو چکے ہیں ۔جج اے ٹی سی نے ریمارکس دیئے کہ کیسز تو واقعی کافی ہو گئے ہیں ہمارے پاس سینکٹروں کیس تو صرف ضمانتوں کے ہو گئے ہیں ، دس اپریل کی تاریخ رکھ رہے ہیں تاکہ آپکے باقی کیسز بھی ساتھ رکھ لیں ۔
