چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ گئے تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔
لاہور میں سینیٹر ثانیہ نشتر کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے تو مزید مہنگائی بڑھے گی۔ قوم تیاری کر لے مزید مہنگائی آنے والی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ساڑھے7 لاکھ کے قریب پاکستانی باہر چلے گئے ہیں، جب مشکل وقت آتا ہے تو ان کامقابلہ کیا جاتا ہے۔ ہم سب نے ملکر مشکل وقت کامقابلہ کرنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے،ان پر اور ان کے لوگوں پر ہر روز نیا کیس بن جاتا ہے مگر بھاگیں گے نہیں مقابلہ کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو ختم کر کے چوروں کو ملک پر مسلط کیا گیا اور انہوں نے حکومت میں آکر 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کیے جو ہمارے حکومت سے قبل ان کیخلاف بنے ہوئے تھے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ سازش کے ذریعے ہماری حکومت کو گرایا گیا، شفاف الیکشن سے ہی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سیلاب کے دوران عمران خان نے 3ٹیلی تھون کا انعقاد کیا جس میں جمع شدہ رقم سے 3 اعشاریہ 4 ارب وزیراعلیٰ پنجاب جبکہ دو ارب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے فنڈ میں جمع ہوئے۔ سندھ سے ڈیٹا ملنے کے فوری بعد امدادی رقم تقسیم کردی جائے گی۔
آئی ایم ایف کے پاس نہ گئے تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، عمران خان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

