Monday, June 17, 2024
ہومٹاپ سٹوریمرکز اور پنجاب میں جگہ دیکھ کر حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے، یوسف رضا گیلانی

مرکز اور پنجاب میں جگہ دیکھ کر حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے، یوسف رضا گیلانی

لاہور: چیئرمین سینیٹ اور قائمقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت میں شمولیت پر بات چیت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہئیں، نیشنل سیکیورٹی میٹنگز میں پیپلز پارٹی ہمیشہ بیٹھتی رہی ہے، اس وقت بھی بیٹھتی رہی ہے جب عمران خان کی حکومت تھی، ان میٹنگز میں عمران خان خود نہیں بیٹھتے تھے، لیکن ہم بیٹھتے تھے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب ان کی حکومت تھی تو انہوں نے گندم کی سپورٹ پرائس بڑھائی تھی، ہم نے گندم بین الاقوامی قیمت پر کسانوں کو دی تھی، اس وقت دو سیلاب آئے تھے، اس کے باوجود ہماری حکومت نے بہترین کارکردگی دکھائی، ہماری کپاس، چینی، گندم اور چاول برآمد ہوتے تھے۔

یوسف رضا کیلانی کا کہنا تھا کہ ’افغانستان اور سینٹرل ایشیا میں ہماری گندم اسمگل ہوتی تھی، ہم نے گندم کی عالمی منڈی کے مطابق قیمت لگا کر گندم برآمد کی، اس گندم کی اسملنگ بھی رک گئی اور کاشتکاروں کو بھی فائدہ ہوا۔‘

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اب جو مسئلہ درپیش آیا ہے کہ گندم پر مڈل مین فائدہ اٹھا رہا ہے، اس حوالے سے انکوائری جاری ہے، انکوائری رپورٹ جب آئے گی تو میڈیا سے شیئر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام اچھے کاموں میں حکومت کو سپورٹ کریں گے، حکومت کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپیں گے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا، ن لیگ سے حکومت میں شامل ہونے پر بات چیت جاری ہے، اس حوالے سے کمیٹی بنادی ہے جو حکومت سے بات چیت کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔