اسلام آباد (آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی نے سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل کے قیام کی منظوری دے دی ۔ کونسل کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے۔ سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ کونسل میں پی ٹی آئی سے سید فخر امام، شفقت محمود، پرویز خٹک، جی ڈی اے سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی سے خالد حسین مگسی، پاکستان مسلم لیگ سے طارق بشیر چیمہ، مسلم لیگ(ن)سے رانا تنویر حسین، سردار ایاز صادق اور چوھدری محمود بشیر ورک شامل ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی سے راجہ پرویز اشرف، آفتاب شعبان میرانی، متحدہ مجلس عمل پاکستان سے شاہدہ اختر علی، بلوچستان نیشنل پارٹی سے محمد اختر مینگل بھی کونسل کا حصہ ہیں۔سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کونسل کے سیکرٹری جبکہ قومی اسمبلی کا شعبہ قانون سازی کونسل کے سیکرٹریٹ کے فرائض سرانجام دے گا۔کونسل کے 9 نکات پر مشتمل ٹی ا آرز جاری کر دیے گئے ہیں۔ان ٹی ا آرز کے مطابق سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر باہمی احترام پر استوار پارلیمانی روایات کا فروغ شامل ہے۔ پہلی مرتبہ پارلیمان کا حصہ بننے والے اور نوجوان ممبران اسمبلی کو پارلیمانی امور کو بہتر طور پر سمجھنے اور ایوان میں ہونے والی بحث کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ٹی او آرز کا حصہ ہے۔ ایوان میں ایک دوسرے پر الزام تراشی اور جملہ بازی کے بجائے عوامی اہمیت کے موضوعات پر بحث کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ قومی اسمبلی کے ایوان اور پارلیمنٹ ہاوس کے احاطہ میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر جمہوری اقدار کو برقرار رکھتے ہوے چیئر کی طرف سے دی جانے والی رولنگز کی تکریم اور پابندی کو یقینی بنانا بھی ٹی او آرز میں شامل ۔ ایوان میں نسلی، جنسی اور مذہبی بنیاد پر بولے جانے الفاظ اور نعرے بازی سے اجتناب کو یقینی بنایا جائے گا۔ درج بالا نکات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے چیئر کو معاونت فراہم کرنا سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل کے ٹی او آرز کا حصہ ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنی دانست میں کسی بھی معاملے پر کونسل سے مشاورت کا اختیار حاصل ہوگا۔ کونسل کو باہمی اتفاق رائے سے کسی اور اہمیت کے حامل معاملے کو کونسل ٹی او آرز میں شامل کرنے کا اختیارہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی سینئر پارلیمنٹیرینز کونسل کے قیام کی منظوری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔