کولمبو(سب نیوز)آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں گروپ اے کے آخری میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو باآسانی 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
بدھ کو کولمبو کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولیت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تاہم پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 17.3 اوورز میں 97 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بیٹرز ابتدا میں تھوڑی پریشانی کا شکار دکھائی دیے، پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری جب صائم ایوب 14 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔صائم کے آوٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا کریز پر آئے اور صاحبزاد کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جس کے بعد ٹیم کا اسکور 107 تک پہنچا تو سلمان علی آوٹ 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔پاکستان کو تیسرا نقصان بھی جلد ہی 118 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب خواجہ نافع صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد شاداب خان نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔اس دوران صاحبزادہ فرحان نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔
شاداب خان اور صاحبزادہ فرحان نے چوتھی وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور لگ بھگ 200 تک پہنچایا۔اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ناٹ آوٹ رہے۔ انہوں نے 57 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان بھی 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ گرہارڈ ارسمس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور نمیبیا کو جیت کے لئے 200 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی جانب سے لورین اسٹین کیمپ اور جان فرائے لنک نے 32 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن جان فرائے لنک 9 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے جان نکول لوفٹی ایٹن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 39 کے اسکور پر 5 رنز بنانے کے بعد رن آوٹ ہوگئے۔نمیبیا کو تیسرا نقصان 43 اسکور پر اٹھانا پڑا جب کپتان گرہارڈ ارسمس محض 7 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر وکٹ کیپر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے جب کہ 49 کے اسکور پر اوپنر لورین اسٹین کیمپ بھی 23 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ ایلکزینڈر 20 رنز بناسکے۔اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ یوں نمیبیا کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 97 رنز پر آوٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے یہ میچ 102 رنز کے بڑے مارجن سے یہ میچ اپنے نام کرلیا۔پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 16 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور شاداب خان نے 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سلمان مرزا اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس کامیابی کے ساتھ ہی گروپ اے سے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سپر 8 میں پہنچ گئیں۔ پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سے میچز کھیلے گا، پاکستان کا نیوزی لینڈ سے میچ 21، انگلینڈ سے 24 اور سری لنکا سے 28 فروری کو ہوگا۔
نمیبیا کو شکست دے کر پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8مرحلے میں پہنچ گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
