اسلام آباد ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوم کو کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، کبڈی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقبول بنانے کیلئے جدید ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔وہ جمعرات کوکبڈی ورلڈ کپ 2020 کی فاتح قومی ٹیم سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔
صدر مملکت نے قومی ٹیم کو کبڈی ورلڈ کپ 2020 جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک میں روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،عالمی مقابلوں میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کوبہتر کوچنگ اور سہولیات دینے کی ضرورت ہے،قوم کو کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے،کبڈی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقبول بنانے کیلئے جدید ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے پر قومی کبڈی ٹیم کی تعریف کی۔ صدر مملکت سے ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے تمام اقدامات کررہی ہے۔ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق قومی کبڈی ٹیم کے کپتان محمد عرفان کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔علاوہ ازیں آرٹسٹ ویلفئیر فنڈ کی سٹیرنگ کمیٹی کے گیارہویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ فنکاروں کی بہبود اور بروقت مالی امداد کیلئے رقوم کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے،فنکاروں کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے اہلیت کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، مالی اور صحت کے مسائل کا شکار فنکارامدادکے مستحق ہیں ، فنکارملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،فنکاروں کو درپیش مسائل کے جلد حل کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیاد وں پر ہونا چاہیے۔