ہومتازہ ترینپولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوششوں کو تیز کیا جائے ،وفاقی سیکرٹری ہیلتھ

پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوششوں کو تیز کیا جائے ،وفاقی سیکرٹری ہیلتھ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فخر عالم عرفان کی زیر صدارت وزارت صحت میںانسداد پولیو سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس کا مقصد ملک بھر میں پولیو کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ رانا صفدر نیشنل کوآرڈینیٹر بھی شریک ہوئے اور نیشنل کوارڈینیٹرنے پولیو کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز بارے بریفنگ دی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پندرہ ماہ بعد اب تک پولیو کے آٹھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،رپورٹ ہونیوالے تمام کیسز کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے اورپولیو کیسز ان علاقوں سے رپورٹ ہورہے ہیں جہاں پولیو پروگرام کو چیلنجز کا سامنا ہے۔جس پر سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر محمد فخر عالم خان نے ہدایت کی کہ پاکستان بھر میں رسک کا سائنسی بنیادوں پہ از سر نوجائزہ لیا جائے اور درپیش چیلنجز کی روشنی میں پولیو ورکرزکو خصوصی تربیت فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ مقامی معززین کے ذریعے لوگوں کے ذھنوں میں موجود شکوک و شبہات کو دور کیا جائے ۔ڈاکٹر محمد فخر عالم نے مزید کہاکہ ٹیم کا ہر فرد پولیو کے خاتمے کو ذاتی مشن سمجھے اورجہاں پولیو وائرس کی افزائش کے امکان زیادہ ہیں موثر حکمت عملی کو یقینی بنائیں ۔وفاقی سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے مستحکم موثر حکمت عملی کو یقینی بنائیں ،پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوششوں کو تیز کیا جائے اورپولیو مہمات کے دوران پانچ سال کی عمر تک کے تمام بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں ۔ڈاکٹر فخر نے کہاکہ ہر بچے کو محفوظ اور صحت مند زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے ،بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں اور عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔انہوں نے کہاکہ پولیو قطروں سے انکار کرکے والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور بنا سکتے ہیں۔اجلاس کے دوران ڈی جی ہیلتھ رانا صفدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لاچاری اور معذوری ہمارے بچوں کا مستقبل نہیں،پولیو کے کیخلاف یہ جنگ عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی۔ہم نے ملک سے پولیو کے مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے لہذا پولیو کے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔