ہومپاکستانصدر مملکت کااسٹیٹ لائف کو 10 سال سے منتظر بیواؤں کو انشورنس کی رقم کی ادائیگی کا حکم

صدر مملکت کااسٹیٹ لائف کو 10 سال سے منتظر بیواؤں کو انشورنس کی رقم کی ادائیگی کا حکم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسٹیٹ لائف کو 10 سال سے منتظر بیواؤں کو انشورنس کی رقم کی ادائیگی کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ، ملتان کے فائر مینوں کی بیواؤں کو گروپ انشورنس ادا کرے۔صدر مملکت نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ غریب بیواؤں کو 10 سال تک انشورنس کی رقم ادا نہیں کی گئی ،

بیواؤں کو گروپ انشورنس کی ادائیگی سے انکار غیر منصفانہ عمل اور بدانتظامی ہے ،یہ رویہ کمپنی کی ساکھ پر بدنما دھبہ ، آئین ِ پاکستان کے اصولوں کےخلاف ہے ۔صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف کی اپیل بھی مسترد کر دی ۔صدر مملکت کی جانب سے بیواؤں کو گروپ انشورنس کی رقم ادا کرنے کا حکم برقرار ہے ۔متعلقہ قوانین کے تحت ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی ، 30 دن میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دےدیا۔خیال رہے مختار مائی، نوراں مائی، نسیم مائی اور عذرا بی بی کے شوہر دوران سروس انتقال کر گئے تھے ،

بیواؤں نے اپنے شوہروں کی گروپ انشورنس کی رقم کیلئے اسٹیٹ لائف کو درخواست دی تھی ،رقم نہ ملنے پر انہوں نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا ، جس نے انشورنس کلیمز دینے کے احکامات جاری کیے ،اسٹیٹ لائف نے محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر کے پاس ایک درخواست دائر کی تھی ،گروپ انشورنس کی کٹوتی متوفی شوہروں کی تنخواہ سے باقاعدگی سے کی جاتی تھی،ریکارڈ سے پتہ چلا کہ حکومت پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا،پنجاب کی تمام مقامی حکومتوں کے ملازمین معاہدے کے تحت گروپ انشورنس کے حقدار ہیں ۔حقائق کا جائزہ لینے کے بعد، صدر مملکت نے کمپنی کی درخواست کو مسترد کر دیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے فائر مین میٹروپولیٹن کارپوریشن، ملتان کے ریگولر ملازم تھے ، ملازمین نے سروس کے دوران بنیادی تنخواہ کے سکیلز کے مطابق ماہانہ پریمیم ادا کیا ، شکایت کنندگان نے انشورنس کمپنی کو تمام مطلوبہ دستاویزات بھی فراہم کی ، انشورنس کمپنی کا موقف غلط، بے بنیاد، بلاجواز ہے ، لہٰذا قبول نہیں کیا جا سکتا ۔صدر مملکت نے فیصلہ میں کہا کہ کمپنی معاہدہ کے تحت شکایت کنندگان کو گروپ انشورنس کلیمز ادا کرنے کی پابند ہے، اسٹیٹ لائف انشورنس بیواؤں کو ان کے شوہروں کی انشورنس کی رقم ادا کرے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔