اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وائس چیئرمین پی ٹی آئی مخدوم شاہ محمود قریشی سے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی جس میں حقیقی آزادی مارچ، سندھ کی سیاسی و مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی کی جانب سے حلیم عادل شیخ کے خلاف سندھ حکومت کی انتقامی کاروائیوں کی مذمت کی گئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں چادر و چودیواری کا تقدس پامال کرکے پولیس کے ذریعے سیاسی مخالفین کو ڈرایا جارہا ہے، سندھ کے لوگ اس وقت سب سے زیادہ مشکل میں ہیں، سندھ کے لوگ 25 مئی پر حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلیں، یہ حقیقی آزادی مارچ ایک انقلاب ثابت ہوگا، 25 مئی کے بعد یہ امپورٹڈ حکومت کے سیاہ بادل ہٹ جائیں گے، آزادی کے حصول کے بعد ملک حقیقی معنوں میں ترقی کرے گا۔
اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کی تنظیم پورے صوبے میں بھرپور تیاری کررہی ہے، پورے صوبے میں عوام حقیقی آزادی کے لیے نکلے گی، حقیقی آزادی کے جذبے سے سرشار سندھ کی عوام سندھ کے ہر چوک چوراہے کو سرینگر ہائی وے بنائے گی۔
