وفاقی اور پنجاب حکومت تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلیے سرگرم ہوگئے۔
لانگ مارچ سے متعلق حتمی فیصلے کیلیے وزیراعظم شہبازشریف سابق صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔اس سے قبل آصف زرداری نے اہم شخصیت سے ملنے کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کی تھی،ذرائع کے مطابق شہبازشریف اور آصف علی زرداری آئینی مدت پوری کرنے کے حق میں ہیں جبکہ نوازشریف اور مریم نواز فوری انتخابات کرانے کے خواہش مند ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے بھی امن وامان سے متعلق اہم اجلاس کل طلب کرلیا۔اجلاس میں آئی جی پنجاب لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ دیں گے اور امن وامان کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا ہے۔
پشاور میں تحریک انصاف کور کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے وہ 25 مئی کو اسلام آباد پہنچیں جہاں وہ دوپہر 3 بجے ان سے سرینگر ہائی وے پر ملیں گے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جتنی دیر اسلام آباد میں رہنا پڑے گا، رہیں گے، مطالبہ صرف یہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے اور اسمبلیاں تحلیل کی جائیں۔
