مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ بھی چند دنوں میں دفن ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خونی مارچ اور انتشار پھیلانے والوں کو عوام مسترد کر کے آئین کے ساتھ کھڑے ہوں، ادا روں کیخلاف اشتعال انگیزبیانات دینے والوں کیخلاف قانون اور آئین کے مطابق کارروائی کرینگے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ برطانیہ ، چین، یورپی یونین و دیگر ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرینگے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اب بات صرف پراجیکٹس اور عوام کو ریلیف دینے کی ہوگی، عمران خان نے کشکول لے کر پاکستان کو بھکاری بنا دیا کشکول توڑنا پڑے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانات سب کے سامنے ہیں، کبھی نیوٹرل کی بات کرتے ہیں اور کبھی کچھ اور، اصل میں انہیں تکلیف یہ ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کھڑے نہیں ہوسکتے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہیں تکلیف یہ ہے کہ آج وہ عوام کو یہ نہیں بتا سکتے کہ انہوں نے چار سال مافیا کے ذریعے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جبکہ انہیں تکلیف یہ ہے کہ وہ اپنی چار سالہ کارکردگی پیش نہیں کرسکتے اسی لئے یہ عدم برداشت اور پرتشدد بیانیہ ریاست اور اداروں کیخلاف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اسی طرح ناکام ہونگے جس طرح وہ سیاسی انتقام میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں جبکہ عمران خان کا بیانیہ بھی چند دنوں میں دفن ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اداروں کیخلاف بیانات دینے والوں کیخلاف کارروائی میکانزم آئین اور قانون میں واضح ہے، وزیراعظم نے بھی واضح کیا ہے کہ آئین میں جو لائن دی گئی ہے اسے کراس کر کے ریاست کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔
