Saturday, May 16, 2026
ہومپاکستانڈپٹی سپیکر کی رولنگ اور اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے حوالے سے سماعت کل ہوگی

ڈپٹی سپیکر کی رولنگ اور اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے حوالے سے سماعت کل ہوگی

چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ سیاسی جماعتیں پرامن رہیں، کوئی ماورائے آئین اقدام نہ اٹھا یا جائے۔عدالت نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ اور اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے حوالے سے از خود نوٹس پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔موجودہ سیاسی صورتحال پر ازخود نوٹس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال عدالت پہنچے۔ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس محمد علی مظہر بھی سپریم کورٹ پہنچے۔ سپریم کورٹ کا عدالتی عملہ بھی عدالت پہنچا، کمپیوٹر آن ہوئے، ججز کے مائیک چیک کیے گئے جبکہ سماعت کے آغاز سے قبل کی حتمی تیاریاں کی گئیں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سیاسی جماعتیں پر امن رہیں، کوئی ماورائے آئین اقدام نہ اٹھا یا جائے۔ عدالت عظمی نے سپریم کورٹ بار اور سیاسی جماعتوں کو ازخود نوٹس میں فریق بنانے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ججز تمام صورتحال سے آگاہ ہیں، مزید سماعت کل کی جائے گی۔ عدالت عظمی نے سپریم کورٹ بار اور سیاسی جماعتوں کو ازخود نوٹس میں فریق بنانے کا حکم دیا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ میں لطیف کھوسہ نے تین اپریل کے اقدامات واپس کرنے کی درخواست دائر کی۔ سپریم کورٹ نے ریاستی عہدیداروں کو کسی بھی ماورائے آئین اقدام سے روکتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔ ادھر رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سپریم کورٹ پہنچے اور موجودہ سیاسی صورتحال کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ اس کے بعد اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون سپریم کورٹ پہنچے۔ ذرائع کا بتانا تھا کہ سپریم کورٹ کا لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ ادھر سپریم کورٹ میں موجود اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے سابق وزیر قانون فواد چوہدری اور بابر اعوان سے قانونی امور پر مشاورت کی۔ پیپلزپارٹی کے وکیل اسپیکر رولنگ کے خلاف درخواست دائر کرنے سپریم کورٹ پہنچے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔