تحریک عدم اعتماد کا عمل پیر کی سہ پہر شروع والا ہے، ایسے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے وزیراعظم کی حمایت کے لیے اپنے اتحادیوں مسلم لیگ(ق)اور ایم کیو ایم-پی کو راضی کرنے کی آخری کوششیں کیں۔
مسلم لیگ(ق) کے ایک سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے وعدہ کیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو ایک دو روز میں مستعفی ہونے کے لیے کہا جائے گا اور چوہدری پرویز الہی ان کی جگہ کے لیے پی ٹی آئی حکومت کا ترجیحی انتخاب ہیں۔
اتحادی جماعت کے ایک رہنما نے بتایا کہ مسلم لیگ(ق)کے سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے حکومتی ٹیم سے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل پرویز الہی کا وزیر اعلی کے امیدوار کے طور پر باضابطہ اعلان کر دیا جائے۔
