وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ مہنگائی پوری دنیا میں ہے، قوم جانتی ہے حقیقی لیڈر کون ہے
۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی اجلاس میں ہم نے فیصلے کیے، آزاد کشمیر کے تین ڈویژن سے قافلے جلسہ کے لیے نکلیں گے، میر پور، پونچھ اور مظفر آباد سے قافلے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کشمیریوں کی کثیر تعداد ہے، اس کے لیے الگ کمیٹی بنائی ہے، پورا آزاد کشمیر متحرک ہے، عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر جرات سے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے اٹھایا، او آئی سی اجلاس میں امہ مسلمہ کے وزرا خارجہ دنیا بھر سے مندوبین شریک تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر اٹھایا، پاکستان دنیا کو لیڈ کررہا ہے جسکی قیادت عمران خان کررہے ہیں، بھٹو کے بعد عمران خان کی قیادت میں یہ کانفرنس ہوئی جس میں اسلام کا نظریہ اجاگر کیا گیا۔ سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے رول ماڈل نظام دیا،
اس سے پہلے بھی عدم اعتماد کی تحریکیں آئیں، پی ڈی ایم نے چھانگا مانگا اور مری کی سیاست کر کے لوگوں کو خریدا، عمران خان نے واضح کردیا میں عوام میں جاں گا، کسی کے آگے جکھوں گا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پوری دنیا میں ہے,، قوم جانتی ہے حقیقی لیڈر کون ہے، میں بیس کیمپ کا وزیر اعظم ہوں، پاکستان نے بہترین خارجہ پالیسی اپنائی ہوئی ہے، عمران خان کشمیریوں کا محسن ہے، کشمیری عوام جانتے ہیں ہمارا درد رکھنے والا لیڈر عمران خان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے نوجوان ہماری حفاظت کے لیے ایل او سی پر مسلح کھڑے ہیں، کشمیری پاکستان سے امیدیں لگا کر بیٹھے ہیں، اپوزیشن اس حد تک نہ جائے سیاست کی بجائے پاکستان کو نقصان پہنچے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے مزید کہا کہ ہم نے ساتھیوں کو کہا ہے پرامن رہنا ہے اور اپنے لیڈر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے، ایک لاکھ سے زائد ورکرز عمران خان جلسہ میں شریک ہوں گے۔
