لندن/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے قائد وسابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ جلد از جلدوطن واپس پہنچا چاہتے ہیں ، جوں ہی ڈاکٹروں نے اجازت دی اگلی فلائٹ پر پاکستان پہنچ جاوں گا ، انشا اللہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی کیونکہ نمبرز پورے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن سنتوش کمار بگٹی سے لندن میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجودتھے ۔سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ جلد وطن واپس پہنچنا چاہتے ہیں ،مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے کہا کہ وہ ملک کی معاشی صورت حال پر سخت رنجیدہ ہیں معاشی زبوں حالی ، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے ، بلوچستان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مستحکم بلوچستان پرامن پاکستان کیلئے ناگزیر ہے ،
مسلم لیگ (ن)نے بلوچستان کے عوام اور اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے بلوچستان اسمبلی سنتوش کمار بگٹی نے کاوی موساوی کی رپورٹ پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا اس فیصلے نے شریف خاندان کے شفاف کردارپر مہر تصدیق ثبت کردی ہے اور سی بات ثابت ہوگئی ہے کہ شریف خاندان کے خلاف کرپشن کے نام پر بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا گیا۔
