اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف زرداری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں تحریک عدم اعتماد پر 172 سے زائد ووٹ لینے کا دعویٰ کر دیا ۔پریس کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے پونے 4 سال معیشت کی جو تباہی کی اس کی نظیر نہیں ملتی، کھربوں کے قرضوں کے باوجود ملک میں ایک اینٹ نہیں لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ قرضے لے کر ہماری نسلوں کو بھی گروی رکھ دیا گیا ہے، ہمارے اچھے برے وقت میں ساتھ دینے والوں کو ناراض کردیا گیا، چین کے سی پیک منصوبے پر اپنے اپوزیشن دور میں تنقید کی، چین جیسے دوست کو ناراض کرنا کہاں کی خارجہ پالیسی ہے؟ جو زبان استعمال کی گئی اس کا ایک لفظ بھی یہاں کہنا زیب نہیں دیتا۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہم سب نے یہ فیصلہ اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کیلئے کیا ہے، اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ چن دیا گیا، غیر ملکی سازش کہنے سے زیادہ احمقانہ بات نہیں ہوسکتی، بہنوں اور بیٹیوں تک کو جیلوں میں ڈالاگیا، یہ کسی طور احتساب نہیں ، یہ بد ترین انتقام ہے، اگر ہم نے تاخیر کی تو عوام معاف کریں گے نہ خدا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ سال 2018 کیانتخابات کے بعد ایک ہفتے میں متفقہ مقف بنا لیا تھا کہ 2018 کیانتخابات میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ مارچ اس جدوجہد کا تسلسل ہے جس نے قوم میں شعور بیدار کیا، ہم اپنے مقف کے حوالے سے قوم کے سامنے شرمندہ نہیں، ہم نے تمہاری اس وقت کی گفتگو کوبھی نمائش سمجھاتھا، دھوکا دھوکا ہی ہوتا ہے، امریکا کی مخالفت میں بات ہوررہی ہے ، یورپ سے متعلق باتیں ہورہی ہیں، ہم جانتے ہیں ، ہم تمہاری اصلیت کو جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبول نعروں کا سہارا مت لو، آپ جلسے میں ہمیں گالیاں دے رہے ہیں لیکن ملکی مفاد پر اپوزیشن متحد ہے، عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی، قوم کو نجات دلا کر رہیں گے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہم جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کو مستحکم کرنا چاہتیہیں، اپنے ملک میں کسی سے دشمنی نہیں ہوا کرتی، ملک کو آگے لے کر جانا ہے، ہم نے جو حقیقیت بتائی تھی وہ سچ ثابت ہوئی ہے، ہم کامیابی پر یقین رکھتے ہیں، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی اور قوم خوشخبری سنے گی۔
ہم ارکان کو ایوان میں لائیں گے اور 172سے زائد ووٹ لیں گے، اپوزیشن کے تین بڑوں کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
