ہومپاکستانسعد رضوی رہا،مسجد رحمت اللعالمین پہنچ گئے

سعد رضوی رہا،مسجد رحمت اللعالمین پہنچ گئے

لاہور(آئی پی ایس )تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعدحسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ کوٹ لکھپت جیل لاہور کے سپرنٹنڈنٹ اعجاز اصغر نے سعد رضوی کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔ ٹی ایل پی کے ترجمان مفتی عابد نے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعد رضوی رہائی کے بعد پارٹی کے مرکز مسجد رحمت اللعالمین پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعد رضوی کے والد اور ٹی ایل پی کے بانی خادم حسین رضوی کی پہلی برسی کے موقع پر 20 اور21 نومبر کو عرس ہوگا۔ قبل ازیں حکومت پنجاب نے گزشتہ ہفتے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے نکال دیا تھا۔ صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ حافظ محمد سعد ولد خادم حسین کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی)کی سفارش پر ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا۔ علاوہ ازیں صوبائی محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت پنجاب نے مزید 487 افراد کے نام بھی فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دئیے ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس سے قبل بھی ٹی ایل پی کے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے گئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 577 ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال 12 اپریل کو سعد رضوی کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس نے بعدازاں پر تشدد صورت اختیار کرلی تھی، جس کے پیش نظر حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کردی تھی۔ حافظ سعد حسین رضوی کو ابتدائی طور پر 3 ماہ تک حراست میں رکھا گیا اور پھر 10 جولائی کو دوبارہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایک وفاقی جائزہ بورڈ تشکیل دیا گیا جس میں 23 اکتوبر کو ان کے خلاف حکومتی ریفرنس لایا گیا۔ قبل ازیں یکم اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے سعد رضوی کی نظر بندی کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے خلاف حکومت نے اپیل دائر کی تھی تاہم لاہور ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ ابھی تک تشکیل نہیں دیا گیا۔ بعدازاں حکومت پنجاب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے 12 اکتوبر کو سنگل بینچ کے حکم پر عمل درآمد معطل کردیا تھا اور ڈویژن بینچ کے نئے فیصلے کے لیے کیس کا ریمانڈ دیا تھا۔ دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ معاہدے کے معاملے پر حکومت پنجاب نے معاہدے کے تمام نکات پر عمل کردیا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے گرفتار افراد کو معاہدے کے تحت رہا کیا، معاہدے کے تمام نکات پر عمل کر دیا ہے ، یہ اقدامات ملک کے وسیع تر مفاد عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کئے گئے، امید ہے حکومت پنجاب کے ان اقدامات کومثبت انداز میں لیاجائے گا، دوسری جانب سے ایک ذمہ دارانہ طرزعمل سامنے آئے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔