اسلام آباد : قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ میں کسی نہ کسی طریقے سے کمپرومائز کرکے عمران کو نکالنے کی سوچ کے خلاف ہوں۔
قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی کا میڈیا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ مذاکرات صرف میرے اور شہباز شریف کے درمیان الیکشن کمیشن اور نئے الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر ہونے تھے، یہ بڑے خطرناک لوگ ہیں جو جب کچھ کرنا چاہیں تو دنیا جہاں کا نقصان اٹھا کر بھی لوگوں سے اپنی بات منواتے ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم بار بار کہتے ہیں کہ لوگ ناراض ہو جائیں گے، لندن میں تمام پاکستانی جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان کو کس طریقے سے چلانا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں کسی نہ کسی طریقے سے کمپرومائز کرکے عمران کو نکالنے کی سوچ کے خلاف ہوں، پی ٹی آئی کے اندر ایک سوچ یہ چل رہی ہے کہ خواہ کچھ بھی ہو یا صوبے بن رہے ہوں، عمران خان کو نکالا جائے۔
دوسری جانب قائدِ حزبِ اختلاف نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ یہ حکومت زر اور زور کی بنیاد پر قابض ہوئی ہے اور بچوں کو سیدھا گولیاں مارتی ہے، ڈی چوک میں کیا ہوا اور پی ٹی آئی کے بچوں نے کیا کیا تھا۔
